’’لو جہاد‘‘ ہندو ثقافت تباہ کرنے کی عالمی سازش: شیوسینا

ممبئی ۔ 10 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے آج ’’ لو جہاد ‘‘ سے متعلق بی جے پی لیڈر سوامی آدتیہ ناتھ کے متنازعہ بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہندو ثقافت و تہذیب کو مٹانے کی عالمی سازش ہے ۔ شیوسینا کے ترجمان اخبار سامنا میں تحریر کئے گئے اداریے میں شیوسینا نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے اس بیان کا بھی حوالہ دیا جہاں انہوں نے ہندو لڑکیوں کو لو جہاد سے چوکس رہنے کی ہدایت کی تھی ۔ اداریے میں مزید تحریر کرتے ہوئے یہ بھی کہا گیا ہے کہ یو پی ، بہار اور جھارکھنڈ کے ہندو اس معاملہ پر بیحد برہم ہیں اور سوامی آدتیہ ناتھ ان ہی برہم ہندوؤں کی نمائندگی کر رہے ہیں اور ان لوگوں کو زبردست سبق سکھانے کی ضرورت ہے جو لو جہاد کی تائید کر رہے ہیں ۔ عالمی سطح پر اس وقت جتنی بھی دہشت گرد تنظیمیں ہیں وہ سب ہندوستان کے خلاف جہاد کیلئے کمربستہ ہیں۔ لشکر طیبہ ، سیمی اور القاعدہ جیسی دہشت گرد تنظیمیں ہندوستان کی سیکولر شبیہہ کو ختم کردینا چاہتی ہیں۔ اداریے کے اختتام میں حکومت کو انتباہ دیا گیا ہے کہ اگر لو جہاد کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی تو وہ دن دور نہیں جب دہشت گرد تنظیمیں اپنے عزائم میں کامیاب ہوجائیں گی اور ہم منہ دیکھتے رہ جائیں گے ۔