’’شو ابھی ختم نہیں ہوا ‘‘

راجیہ سبھا میں بِل روکنے چرنجیوی کی دھمکی

نئی دہلی 18 فروری (پی ٹی آئی) لوک سبھا میں تلنگانہ بِل جس انداز میں منظور کیا گیا اُس پر برہم مرکزی وزیر سیاحت چرنجیوی نے راجیہ سبھا میں کل یہ بِل پیش کرنے پر اِسے روک دینے کی دھمکی دی۔ اُنھوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’’شو ابھی ختم نہیں ہوا‘‘۔ چرنجیوی نے بتایا کہ کل ہمیں راجیہ سبھا میں یہ بِل روکنے کا پھر ایک موقع ہے۔ اُنھوں نے لوک سبھا میں جس انداز میں یہ بِل منظور کیا گیا اُس پر ناراضگی ظاہر کی اور اُس پر کہاکہ سیما آندھرا عوام کے جذبات کو ملحوظ نہیں رکھا جارہا ہے۔ ایک اور مرکزی وزیر ایم ایم پلم راجو نے بھی اِس بِل کو منظور کرنے کے انداز پر افسوس ظاہر کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ایک ذمہ دار حکومت اور ایک ذمہ دار پارٹی کو دیگر دو علاقوں کے عوام کی تشویش کے بارے میں حساس ہونا چاہئے۔ جب اُن سے بطور احتجاج مستعفی ہونے کے بارے میں پوچھا گیا تو اُنھوں نے کہاکہ مستعفی ہونے سے کیا فرق پڑے گا۔ ہم اپنی پارٹی اور حکومت میں رہتے ہوئے احتجاج جاری رکھیں گے۔