حیدرآباد۔ 21 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج راج بھون پہونچ کر گورنر تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی اور کافی دیر تک گورنر سے مختلف اُمور پر تفصیلی بات چیت کی، تاہم اسے خیرسگالی ملاقات کہا گیا ہے۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سوچھ حیدرآباد پروگرام میں شرکت کرنے اور مزید دو دن تک مختلف مقامات پر سوچھ حیدرآباد پروگرام میں حصہ لینے پر گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے اظہار تشکر کیا۔ علاوہ ازیں بتایا جاتا ہے کہ گورنر کوٹہ کے تحت ارکان قانون ساز کونسل تلنگانہ کے ناموں کے مسئلہ پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سمجھا جاتا ہے کہ گورنر نے چیف منسٹر کی رائے سے اتفاق کیا۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 2 جون کو ریاست بھر میں منظم کئے جانے والے یوم تاسیس ریاست تلنگانہ تقاریب کے سلسلے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔