نئی دہلی۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی بی جے پی صدر ستیش اپادھیائے آج ایک تنازعہ میں گھر گئے ۔ انہوں نے ’’سوچھ بھارت‘‘ مہم کے ضمن میں سابق عام آدمی پارٹی لیڈر شاذیہ علمی کے ہمراہ جاروب کشی میں حصہ لیا تھا، لیکن ایسی تصاویر منظر عام پر آئی ہیں جن میں یہ دکھایا گیا کہ اس پروگرام سے عین قبل پاش لودھی روڈ علاقہ میں کچرا ڈالا گیا۔ ان تصاویر میں یہ بتایا گیا کہ بلدیہ کے ورکرس کچرا اپنی ٹرالی میں لئے آرہے ہیں اور انہوں نے انڈیا اسلامک سنٹر کے باہر کھلی جگہ پر یہ کچرا دانستہ طور پر پھینک دیا۔ اس کے کچھ دیر بعد ستیش اپادھیائے ، شاذیہ علمی اور بعض دیگر نے جھاڑو سے یہ کچرا صاف کیا۔ اس مقام پر کچرا پھینکے جانے کی تصاویر ٹوئٹر پر آنے کے بعد کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے صفائی مہم کے بارے میں پارٹی کی سنجیدگی بے نقاب ہوچکی ہے۔ یہی نہیں بلکہ پارٹی کے دوہرے معیار کا بھی اظہار ہوتا ہے۔ ستیش اپادھیائے اس واقعہ کے سلسلے میں ہر گوشہ سے تنقید وں کا شکار ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ انڈیا اسلامک سنٹر نے انہیں پروگرام کیلئے مدعو کیا تھا اور انہیں دانستہ طور پر کچرا جمع کئے جانے کی اطلاع نہیں تھی۔ انڈیا اسلامک سنٹر کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ جب بلدیہ کے عملہ کو اس مقام پر صفائی مہم پروگرام کا علم ہوا تو انہوں نے یہاں کچرا ڈال دیا تھا۔