’’ورنہ سبق سکھاؤں گا‘ نشریات بند کرنے والے آپریٹرس کو سلام‘‘: کے سی آر
ورنگل 9 سپٹمبر (پی ٹی آئی) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے تلنگانہ عوام کی ساکھ کو مبینہ طور پر مسخ کرنے والے دو تلگو ٹی وی نیوز چیانلس پر آج سخت مذمت کی۔ کے بی این آندھرا جیوتی اور ٹی وی 9 کی نشریات کو تلنگانہ ملٹی پُل سسٹم آپریٹرس (کیبل آپریٹرس) 16 جون سے بند کردیا ہے اور یہ الزام عائد کیاکہ یہ چیانلس ایسے پروگرامس نشر کررہے ہیں جن سے تلنگانہ کی زبان، لب و لہجہ کا مذاق اُڑایا جارہا ہے جس سے اِس نئی ریاست کے عوام کے جذبات و احساسات مجروح ہورہے ہیں۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر نے کہاکہ ’’میں ملٹی پُل سسٹم آپریٹرس کو سلام کرتا ہوں جنھوں نے اِن دو ٹیلی ویژن کی نشریات کو روک دیا ہے۔ اگر وہ (ٹی وی چیانلس) اپنا رویہ درست نہیں کریں گے تو میں اُنھیں ایک اچھا سبق سکھاؤں گا‘‘۔ قبل ازیں چندرشیکھر راؤ نے ورنگل میں تلگو کے ممتاز شاعر آنجہانی کالوجی نارائن راؤ کے صد سالہ یوم پیدائش تقاریب کے موقع پر اُن کے مجسمہ کی نقاب کشائی جہاں ٹی وی 9 اور اے بی این چیانلوں کے اسٹاف نے پلے کارڈس لہراتے ہوئے امتناع برخاست کرنے کا مطالبہ کیا بعدازاں پولیس نے 25 صحافیوں کو گرفتار کرلیا تاہم کچھ دیر بعد صوبیداری پولیس اسٹیشن سے اُنھیں رہا کردیا گیا۔ چندرشیکھر راؤ نے بالا سمدرم میں 3.5 ایکر اراضی پر 12 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر کئے جانے والے کالوجی نارائن راؤ تہذیبی مرکز کا سنگ بنیاد رکھا۔