تمام شہریوں کو مساویانہ آزادی، وینکیا نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد 14ستمبر ( پی ٹی آئی) مرکزی وزیر شہری ترقیات و پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ حیدرآباد ایک بہت بڑا اور کشادہ شہر ہے جو سب کا ہے۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ ’’حیدرآباد میں دنیا کے مختلف گوشوں میں رہنے و الے افراد کو اپنی طرف راغب کرنے کی کشش اور قوت موجود ہے۔ یہ اس کی ایک خصوصیت بھی ہے۔ یہی کافی ہوگا کہ حکومت میںموجود افراد حیدرآباد کی اس قوت و کشش کو متاثر نہ کریں۔ اگر مزید حوصلہ افزائی کی جائے تو یہ شہر مزید ترقی کرسکتا ہے‘‘۔ انسٹی ٹیوٹ آف کمپنیز سکریٹریز آف انڈیا (آئی سی ایس آئی) کے مرکز برائے مہارت کیلئے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد اپنے خطاب میں مسٹر وینکیا نائیڈو نے کہا کہ حیدرآباد سب کا ہے اور اس شہر میں رہنے والے تمام افراد کو مساویانہ آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی محاذ پر صورتحال بہتر نظر آرہی ہے۔ رواں مالی سال کے ابتدائی مہینوں اپریل ۔ جون کے دوران مجموعی گھریلو پیداوار میں 5.70 اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ ڈھائی سال کے دوران یہ سب سے بھاری اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے پہلے 100 دن کے دوران سرمایہ کاروں کے اعتماد میںاضافہ دیکھا گیا ہے۔