کولکتہ۔ 28 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس کے ایک اور لیڈر نے آج یہ کہتے ہوئے نیا تنازعہ کھڑا کردیا کہ ’’جب تک دُنیا قائم رہے گی، عصمت ریزی کے واقعات ہوتے رہیں گے‘‘۔ اپوزیشن اور حقوق خواتین کی تنظیموں نے ان کے بیان کی سخت مذمت کی۔ ترنمول کانگریس لیڈر دیپک ہلدار نے پڑوسی ساؤتھ 24 پرگنا ڈسٹرکٹ میں واقع ڈائمنڈ ہاربر میں کل ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’عصمت ریزی کے واقعات پہلے بھی ہوتے تھے اور اب بھی ہورہے ہیں، جب تک اس دنیا کا وجود رہے گا، عصمت ریزی کے واقعات بھی رونما ہوتے رہیں گے‘‘۔
انہوں نے عصمت ریزی کو ’’سماجی بیماری‘‘ سے تعبیر کیا اور کہا کہ ہم عصمت ریزی کی تائید نہیں کرتے۔ چیف منسٹر ممتا بنرجی کیلئے یہ ممکن نہیں کہ تنہا اس مسئلہ کو حل کریں۔ واضح رہے کہ ٹی ایم سی رکن پارلیمان تپس پال نے اس سے پہلے دھمکی دی تھی کہ اگر حکمراں جماعت کے ایک کارکن پر بھی حملہ کیا گیا تو اپوزیشن سی پی آئی (ایم) کارکنوں کو ہلاک کردیا جائے گا اور ان کے خواتین کی عصمت ریزی کی جائے گی۔ دیپک ہلدار کے اس ریمارک پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا گیا۔ کانگریس لیڈر منیش تیواری نے ہلدار کے ریمارکس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ افسوسناک پہلو ہے کہ انتہائی نامناسب اور غیرحساس تبصرے کئے جارہے ہیں۔ حقیقت تو یہ ہے کہ عوامی نمائندوں کو اپنی بات کہنے کے معاملے میں کافی محتاط ہونا چاہئے۔