’’تلنگانہ عوام کا 60 سالہ خواب بہت جلد شرمندۂ تعبیر ہوگا ‘‘

حیدرآباد۔ 13 فروری (پی ٹی آئی) تلنگانہ علاقہ سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے آج پارٹی وابستگی سے بالاتر ہوکر آندھرا پردیش تنظیم جدید بل کو لوک سبھا میں پیش کرنے کا خیرمقدم کیا جبکہ سیما۔آندھرا کے ارکان نے اس کی مذمت کی۔ ریاستی وزیر اطلاعات ڈی کے ارونا نے نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ عوام کا 60 سالہ خواب پورا ہونے جارہا ہے اور ہم اس کیلئے سونیا جی کے مشکور ہیں۔ صدر ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ علیحدہ ریاست تلنگانہ عنقریب ایک حقیقت ہوگی۔ ٹی آر ایس ارکان اسمبلی نے لوک سبھا میں کالی مرچ پاؤڈر اِسپرے استعمال کرنے پر ایل راجگوپال کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اصل اپوزیشن تلگو دیشم قائدین بھی تلنگانہ بل پیش کرنے پر مسرور تھے لیکن انہوں نے کہا کہ اس بل کی منظوری یقینی بنانا کانگریس کی ذمہ داری ہے۔ سینئر تلگو دیشم رکن اسمبلی ای دیاکر راؤ نے کہا کہ اس بل کو پیش کرنے پر ہم مرکز کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بل کی منظوری مرکز کی ذمہ داری ہے۔ علیحدہ ریاست تلنگانہ نوجوانوں کی قربانیوں اور طلباء، سرکاری ملازمین، وکلاء اور دیگر طبقات کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔