ممبئی۔ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں بڑے جانور کے گوشت پر امتناع کو کانگریس نے محض عوام کے بنیادی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے اقتدار پر آنے کے بعد اپنا اصلی رنگ دکھا دیا ہے۔ اے آئی سی سی کے جنرل سیکریٹری موہن پرکاش نے کہا کہ ایک ایسے وقت جب کسان بدترین خشک سالی اور فصلوں کو نقصان کے سبب قرض کے بھاری بوجھ سے بری طرح کچلے ہوئے ہیں، لیکن اس ریاست میں دیویندر فڈنویس حکومت غیرضروری خوشنودی کی سیاست پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔ کھیرواڑی اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات کے لئے کانگریس کے لیڈر نارائن رانے کے انتخابی دفتر کا افتتاح کرنے کے بعد انہوں نے عوام کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کے بجائے حکومت ِ مہاراشٹرا بڑے جانور کے گوشت پر امتناع عائد کرتے ہوئے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہی ہے۔ حالانکہ نر گاؤ کے گوشت پر امتناع سے معیشت کو کوئی فائدہ نہیں پہونچے گا۔ ان (بی جے پی) کا ایجنڈہ عوام کے حقیقی مسائل کی یکسوئی نہیں ہے ، انہوں نے اقتدار پر آنے کے بعد اپنے اصلی رنگ دکھانا شروع کردیا ہے۔