’’السلام علیک ایھا النبیؐ ‘‘ میوزیم انتہائی متاثر کن

دوبئی ۔ /10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پیغمبر اسلام حضرت محمدﷺ کی حیات مبارکہ اور زریں دور کی یاد تازہ کرنے والے میوزیم سے متاثر بی جے پی کے سینئر قائد شاہنواز حسین نے ہندوستان میں بھی اسی نوعیت کا میوزیم قائم کرنے کی خواہش ظاہر کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں مسلمانوں کی آبادی دنیا بھر میں دوسرے مقام پر ہے اور یہاں ایسا میوزیم سب کے لئے معلوماتی اور ایک بہترین مثال بن سکتا ہے ۔ انہوں نے سعودی عرب دورہ کے موقع پر یہاں قائم ’’السلام علیک ایھاالنبیؐ‘‘ میوزیم و نمائش کا مشاہدہ کیا ۔ اس پراجکٹ کے نگرانکار ناصر الزہرانی سے انہوں نے ملاقات کی اور کہا کہ وہ اس پراجکٹ سے کافی متاثر ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ اسی طرح کی نمائش و میوزیم ہندوستان میں بھی قائم کی جائے ۔اس میوزیم کی ایک شاخ پہلے ہی دوبئی میں قائم کی جاچکی ہے

اور عالمی سطح پر مزید 20 شاخیں قائم کرنے کا منصوبہ ہے ۔ اس میوزیم میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ کے دور کو نمایاں کیا گیا ہے ۔ آپؐ کی حیات مبارکہ اور اس وقت کے دور کو موثر طور پر پیش کرنے کیلئے عصری ٹکنالوجی سے استفادہ کیا گیا ہے ۔ ناصرالزہرانی نے سیرت طیبہ ﷺ پر انسائیکلوپیڈیا کی 500 جلدیں تحریر کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 7 سال طویل تحقیق کے دوران اس میوزیم کے بارے میں انہیں متعدد تجاویز موصول ہوئی تھیں اور اس کے مثبت نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں ۔ یہ میوزیم نہ صرف معلوماتی بلکہ اس کا مشاہدہ کرنے والوں کیلئے بیش قیمت تحفہ ثابت ہورہی ہے ۔ شاہنواز حسین عازمین حج کی رہائش کے انتظامات اور انتخابی کمیٹی کے صدرنشین ہیں اور وہ اس وقت سعودی عرب کے دورہ پر ہیں ۔