’ہندو نیپال‘ کیلئے مودی کی مدد نہیں لیں گے : کمل تھاپا

کٹھمنڈو ۔ یکم ؍ اگست (سیاست ڈاٹ کام) نیپال میں موافق شہنشاہیت اور موافق ہندو سیاسی جماعت کے لیڈر نے کہا ہیکہ ان کی پارٹی اس ملک کا دنیا کی واحد ہندو مملکت کی حیثیت سے درجہ بحال کرنے کیلئے وزیراعظم نریندر مودی سے مدد نہیں چاہئے گی۔ صدر راشٹریہ پرجا تنتر پارٹی ۔ نیپال (آر آر پی ۔ نیپال) کمل تھاپا نے کہا کہ آیا نیپال ہندو مملکت ہونا چاہئے یا سیکولر اسٹیٹ، یہ اس ملک کا داخلی معاملہ ہے۔ انہوں نے پرائیویٹ ٹیلیویژن چینل کو انٹرویو میں بتایا کہ ہم نہیں چاہتے کہ کسی دیگر ملک کے قائدین کو ہمارے داخلی معاملہ میں شامل کیا جائے۔ ہم اس معاملہ کو اپنے ملک میں ہی سلجھائیں گے۔ آر آر پی ۔ نیپال پارٹی دستوری شہنشاہیت کے دور میں واپسی کیلئے مسلسل جدوجہد کررہی ہے اور اس نے اپنی مہم نیپال اورکو دوبارہ ہندو مملکت بنانے پر مرکوز کر رکھی ہے جبکہ اسے 2008ء میں سیکولر جمہوریہ قرار دیا جاچکا ہے۔ تھاپا نے کہا کہ مودی بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر ہیں، جو ہندو مذہب کی پرزور حامی ہے، لیکن ’’ہم نیپال کو ہندو مملکت کی حیثیت سے بحال کرنے کیلئے ان کی مدد مانگنے والے نہیں ہیں‘‘۔