حیدرآباد۔18۔نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں اصل اپوزیشن جماعت کانگریس نے اپنے کابینہ ارکان کے انحراف کے مسئلہ پر ٹی آر ایس حکومت کو دفاعی موقف اختیار کرنے پر مجبور کردیا ۔ ایوان میں اس مسئلہ پر بحث کے دوران اپوزیشن لیلار کے جانا ریلای اور وزیر امور مقننہ ٹی ہریش راو کے درمیان دلچسپ نوک جھونک ہوگئی جب مسٹر جانا ریڈی نے کہا کہ ’’جس انداز میں چیف منسٹر بذات خود (اپوزیشن ارکان کے) انحراف کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں ہم اس کا تشویش و سنجیدگی کے ساتھ نوٹ لے رہے ہیں۔ اس مرحلہ پر مسٹر ٹی ہریش راؤ نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ عدالت میں زیر تصفیہ ہے جس پر اظہار خیال نہیں کیا جاسکتا ۔ مسٹر راؤ کی اس دلیل کو مسترد کرتے ہوئے مسٹر جانا ریڈی نے کہا کہ یہ مسئلہ عدالت میں زیر تصفیہ نہیں ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ یہ مسئلہ اسپیکر اسمبلی کے زیر غور ہے اور چاہتے ہیں کہ وہ (اسپیکر) جلد فیصلہ کریں۔ جانا ریڈی نے سخت لب و ولہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر ہمارے چند ارکان کے منحرف ہوجانے سے آسمان ٹوٹ نہیں پڑے گا۔ ایک نہیں چار ارکان کو چلے جانے دیجئے ۔ اس سے ہمیں کوئی نقصان نہیں ہوگا‘‘۔