’پی کے‘ کی آسٹریلیا میں زبردست کامیابی

ملبورن ۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عامرخان کی فلم ’’پی کے‘‘ کو قبل ازیں ریلیز ہوئی بالی ووڈ کی دو فلموں دھوم ۔ 3 اور تھری ایڈیٹس کے بعد تیسری ایسی فلم ہونے کا اعزاز حاصل ہوا جس نے بزنس کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ یاد رہے کہ ’’پی کے‘‘ گذشتہ ماہ آسٹریلیا میں ریلیز کی گئی ہے۔ یہاں کی ایک مقامی فلم ڈسٹری بیوٹنگ کمپنی ’’مائنڈ بلوونگ‘‘ کی سربراہ میتوبھومک نے بتایا کہ ’’پی کے‘‘ کو ملک کے 35 سنیما گھروں میں ریلیز کیا گیا ہے جو ایک ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہاکہ حیرت انگیز بات یہ ہیکہ آسٹریلیا میں ہندوستانیوں کی مجموعی آباد 4,00,000 ہے اور اتنی قلیل آبادی کے باوجود فلم کا اس قدر شاندار بزنس یقینا ایک کارنامہ ہے۔ اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 1,00,000 ایشیائی کمیونٹی اور اس کے علاوہ آسٹریلیا کے شہریوں کی کثیر تعداد بھی فلم دیکھنے تھیٹروں کو پہنچی۔ اس موقع پر آسٹریلیا کی رپورٹ ملنے پر فلم کے ڈائرکٹر راج کمار ہیرانی نے کہا کہ آسٹریلیا میں فلم کی زبردست کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے کام کو عالمی سطح پر پسند کیا گیا۔ کرسمس کے موقع پر آسٹریلیائی باکس آفس پر بھی ’’پی کے‘‘ کو پہلا مقام حاصل ہوا۔ جہاں تک ہندوستان کا سوال ہے تو ’’پی کے‘‘ نے بعض ہندو گروپس کی جانب سے احتجاج کے باوجود 300 کروڑ روپئے کا نشانہ پار کرکے نئی تاریخ رقم کی ہے۔