سابق حکمراں جماعت کی عظمت گم گشتہ بحال کرنے پر زور: رگھوویرا ریڈی
وجئے واڑہ 17 جون (پی ٹی آئی) لوک سبھا اور ریاستی اسمبلی کے انتخابات سے قبل کانگریس چھوڑ کر دوسری جماعتوں میں شامل ہونے والے قائدین پر تنقید کرتے ہوئے آندھراپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نے آج الزام عائد کیاکہ ایسے کانگریسی قائدین آج دیگر جماعتوں میں غلاموں کی طرح اپنے دن گزار رہے ہیں۔ آندھراپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر این رگھوویرا ریڈی نے جو خود حالیہ اسمبلی انتخابات میں شکست سے دوچار ہوئے ہیں، آج یہاں کانگریس کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’جنھوں نے ریاست میں کانگریس پارٹی کے اقتدار کے دوران خوب فائدہ اُٹھایا تھا لیکن نازک وقت پر پارٹی چھوڑ دیا تھا، آج وہی لوگ دیگر جماعتوں میں کسی آزادی و انفرادیت کے بغیر غلاموں جیسی زندگی گزار رہے ہیں‘‘۔ پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات سے قبل کئی کانگریس قائدین نے اپنی پارٹی چھوڑ کر تلگودیشم، وائی ایس آر کانگریس اور دیگر جماعتوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔ رگھو ویرا ریڈی جو آج کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے، اپنی پارٹی کے قائدین اور ورکرس پر زور دیا کہ وہ اپنی پارٹی کی عظمت گم گشتہ بحال کرنے کے لئے سخت جدوجہد کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’ہمیں عوام میں اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ ہمیں جان لینا ہوگا کہ ہم الیکشن ہار سکتے ہیں لیکن محض پارٹی کے لئے مقابلہ کرنا ہوتا ہے۔ انتخابات سے قبل میں نے اے آئی سی سی کے نائب صدر راہول گاندھی کو مطلع کیا تھا کہ آندھراپردیش میں ہماری پارٹی بہتر مظاہرہ نہیں کرے گی‘‘۔ سابق مرکزی وزراء جے ڈی سیلم، پلم راجو، کِلّی کروپا رانی، سابق ریاستی وزیر شلیجہ ناتھ اور دوسروں نے اِس اجلاس میں شرکت کی اور حالیہ انتخابات میں پارٹی کے ناقص مظاہرہ کی وجوہات پر تبادلہ خیال کیا۔