کجریوال کا مودی کے بعد راہول کو خط
عام آدمی پارٹی کے لیڈر اروند کجریوال نے بی جے پی کے وزیراعظم کے عہدہ کے امیدوار نریندر مودی کے بعد کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کو بھی نجی شعبہ کی کمپنی ریلائنس انڈسٹری کے لئے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے معاملہ پر خط روانہ کیا ہے۔ میڈیا میں آج جاری کئے گئے اس کھلے خط کے مطابق کجریوال نے الزام لگایا ہے کہ ارب پتی صنعت کار مکیش امبانی کی کمپنی ریلائنس انڈسٹری نے پہلے ہی قدرتی گیس کے لئے چار ڈالر فی یونٹ کی قیمت طے کر رکھی ہے جو شک کے دائرے میں ہے۔ حالانکہ قدرتی گیس کی قیمتوں کیلئے 2.3ڈالر فی یونٹ پر رضامندی ظاہر کی گئی تھی۔ کجریوال نے کہاکہ یو پی اے حکومت نے پھر سے گیس کی قیمت بڑھاکر آٹھ ڈالر فی یونٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نئی دہلی 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے سابق چیف منسٹر اروند کجریوال نے کہا ہے کہ وہ فرقہ پرستی کو ملک کے لئے بدعنوانی سے زیادہ خطرناک مانتے ہیں۔ ان کا واضح طور پر کہنا ہے کہ بدعنوانی کو تو برداشت کیا جاسکتا ہے مگر جب فساد میں گھر تباہ ہوجائے تو اس کی تلافی نہیں کی جاسکتی۔ سیاستدانوں نے ووٹ بینک کی خاطر ملک بھر میں فرقہ وارانہ فساد کرائے۔ مجھے لگتا ہے کہ کوئی بھی فساد عوام کے درمیان نہیں ہوا بلکہ ہر فساد میں کوئی نہ کوئی لیڈر یا پارٹی شامل رہی ہے۔ انڈو اسلامک کلچرل سنٹر کے صدر سراج الدین قریشی کی جانب سے منعقدہ ایک پروگرام میں اروند کجریوال نے مزید کہاکہ فسادات کی ویسے تو جانچ ہوتی نہیں، اگر ہوتی ہے تو کسی کو سزا نہیں ملتی۔ اگر فسادات کی جانچ ٹھیک طریقہ سے ہوجائے، اس میں شامل لیڈر کو عمر قید ہوجائے تو پھر کبھی فسادات نہیں ہوں گے۔
اگر ہمارا بس چلا تو ہم سبھی فسادات کی جانچ کرائیں گے۔ کجریوال نے کہاکہ کانگریس اور بی جے پی نے ہمیشہ ووٹ بینک کی سیاست کی ہے۔ کانگریس نے مسلمانوں اور بی جے پی نے ہندوؤں کے لئے کچھ نہیں کیا۔ کجریوال نے کہاکہ مودی کہتے ہیں کہ آج جو نظام ہے، اس کے اندر ہی میں ملک کی ترقی کروں گا ، جبکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس نظام میں ترقی نہیں ہوسکتی۔ راہول اور مودی ایک ہی نظام کو مانتے ہیں، اس ملک میں 99 فیصد لوگ ایماندار ہیں جبکہ ایک فیصد لوگ ہی امبانی جیسے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ مودی خود کو چائے والا کہتے ہیں،
اس کے باوجود بھی ان کے پاس کئی ہیلی کاپٹر ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز اروند کجریوال مودی کے نام ایک لکھ کر امبانی برادران سے متعلق کچھ سوالات بھی پوچھ چکے ہیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اے اے پی کے لیڈر نے کہاکہ ہم الیکشن میں ٹکٹ کی تقسیم اس طرح کریں گے کہ مسلمانوں کو دیڑھ گنا نمائندگی ملے۔ کجریوال نے بے قصور مسلم نوجوانوں کی گرفتاری کے بارے میں کہا کہ جہاں کہیں فسادات ہو نشانہ مسلمان ہی بنتے ہیں
اور پھر انہیں ہی گرفتار کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مقدمات کی فاسٹ ٹریک عدالتوں میں سماعت ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اندرون چھ ماہ تا ایک سال ایسے مقدمات کا فیصلہ ہوجانا چاہئے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں۔ سنٹر کے صدر سراج الدین قریشی نے کہا کہ کرپشن کے خلاف سارا ملک عام آدمی پارٹی کے ساتھ ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یہ پارٹی عوامی توقعات کو پورا کرے گی ۔