نفرت انگیز ریمارکس پر راجہ سنگھ کے خلاف پولیس کی نوٹس
حیدرآباد ۔ 27 ۔ ستمبر : ( این ایس ایس ) : حیدرآباد سٹی پولیس نے آج ذرائع ابلاغ میں مبینہ قابل اعتراض ریمارکس کرنے پر گوشہ محل کے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کو نوٹس وجہ نمائی جاری کیں ۔ ڈی سی پی ویسٹ زون نے بتایا کہ راجہ سنگھ کے بیانات کو ہندی ملاپ اور نمستے تلنگانہ اخبارات میں شائع کیا گیا تھا ۔ جس سے مذہبی منافرت پیدا ہوسکتی ہے اور یہ فرقہ وارانہ تشدد کا سبب بن سکتی ہے ۔ نوٹس وجہ نمائی میں ڈی سی پی نے بتایا کہ بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے 24 ستمبر کو ان کے دفتر میں ایک پریس کانفرنس میں ڈانڈیا پروگرام کے منتظمین سے اپیل کی تھی کہ نوراتری تہوار کے پیش نظر غیر ہندو افراد کو ڈانڈیا پروگرام میں مت آنے دیں ۔ انہوں نے بتایا کہ رکن اسمبلی کا بیان ہندوستان تعزیرات ہند کے قوانین کے مغائر اور اس پر کیوں نہ رکن اسمبلی کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ ڈی سی پی نے نوٹس میں مزید بتایا کہ اندرون دو یوم رکن اسمبلی بی جے پی راجہ سنگھ کی جانب سے کوئی جواب موصول نہ ہونے پر قانون کے مطابق مناسب کارروائی کا آغاز کیا جائے گا ۔۔