اسلام آباد ۔ 19 نومبر ۔( سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی مختلف ہائی کورٹس سے یہ توقع کی جا رہی ہے کہ وہ آج یعنی منگل کے روز سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمے کے سلسلے میں خصوصی عدالت کیلئے ججوں کے نام سپریم کورٹ کو بھجوائیں گی۔اس کے علاوہ سپریم کورٹ سے امید کی جا رہی ہے کہ اس مقدمے کیلئے خصوصی عدالت کا اعلان بھی آج ہی کر دیا جائے گا۔یاد رہے کہ اس سے پہلے پاکستان کی وفاقی وزارت قانون نے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے سے متعلق سپریم کورٹ کو خط لکھا ہے کہ عدالت عظمیٰ اس مقدمے کی سماعت کیلئے خصوصی عدالت کے قیام کے سلسلے میں تین ججوں کی نامزدگی کرے۔ اس کے بعد سپریم کورٹ نے ملک کی تمام ہائی کورٹس کے چیف جسٹس ججوں کو 19 نومبر تک اس عدالت کیلئے ججوں کے نام بھجوانے کیلئے کہا تھا۔حکومت کی جانب سے یہ خط سکریٹری قانون بیرسٹر ظفراللہ کی جانب سے سپریم کورٹ کے رجسٹرار کو لکھا۔ اس خط میں کہا گیا تھا کہ چونکہ اس وقت ملک میں پانچ ہائی کورٹس ہیں جن میں سے حکومت کیلئے تین ہائی کورٹ سے ججوں کی نامزدگی کیلئے مشکلات درپیش آسکتی ہیں۔اس لیے یہ مناسب ہوگا کہ عدالت عظمیٰ اس مقدمے کی سماعت کیلئے خصوصی عدالت کے قیام کے سلسلے میں تین ججوں کی نامزدگی کرے۔
کراچی میں فائرنگ سے3 افراد ہلاک
کراچی ۔ 19 نومبر ۔( سیاست ڈاٹ کام)کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مختلف علاقوں میں پولیس کی چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ دہشت گردوں نے صبح سویرے ڈالمیا شانتی نگر اور کورنگی انڈسٹریل ایریا میں فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کردیا گیاجبکہ سپرہائی وے افغان مہاجر کیمپ میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔