’سیاسی قائدین اپنی شبیہ کو بہتر بنائیں ‘

حیدرآباد ۔4 ۔مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ عوام میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کا ازالہ کرتے ہوئے بہتر کارکردگی کے ذریعہ اچھی شبیہہ بنائیں۔ نلگنڈہ کے ناگرجنا ساگر میں وزراء اور عوامی نمائندوں کیلئے منعقدہ ٹریننگ کیمپ کے آخری دن چیف منسٹر نے مخاطب کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ سماج میں عوامی نمائندوں کے بارے میں غلط تصویر بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے کے تصور کے ساتھ ہی لوٹ مار اور بدعنوانیوں کیلئے عہدوں پر آنے والے افراد کی تصویر ابھر رہی ہے۔ عوامی نمائندوں کو چاہئے کہ وہ ان غلط فہمیوں کے ازالہ کیلئے اپنی کارکردگی میں شفافیت پیدا کریں اور اس طرح کی کسی بھی سرگرمی سے دور رہیں جس میں بے قاعدگیوں اور کرپشن کی گنجائش ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ عوام کی نظروں میں خود کو بہتر ثابت کرنے کیلئے عوامی نمائندوں کو خدمت کے جذبہ کے ساتھ کام کرنا ہوگا اور ان کی کارکردگی ہی ان کی شبیہہ کو بہتر بناسکتی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سیاسی قائدین کا مطلب دولتمند افراد اور کرپشن میں ملوث افراد کا تصور عوام کے درمیان ابھر آیا ہے ۔ اس طرح کا رجحان سیاسی جماعتوں اور سیاسی زندگی میں شامل افراد کیلئے مناسب نہیں ہے۔ ہمیں اس عوامی نظریہ کو بدلنا ہوگا۔ چیف منسٹر نے مشورہ دیا کہ ہمیں اپنی کارکردگی کے ذریعہ یہ ثابت کرنا ہوگا کہ عوامی نمائندے کا مطلب خدمت گزار اور کلین امیج رکھنے والی شخصیت ہے۔ چیف منسٹر نے پارٹی ارکان پارلیمنٹ اسمبلی اور کونسل کو عوام کی بہتر خدمت اور سرکاری اسکیمات کے فوائد مستحقین تک پہنچانے کیلئے رہنمایانہ خطوط سے آگاہ کیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ صرف کارکردگی ہی عوام کی نظروں میں قائدین کو بلند کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو یہ رجحان بدلنا ہوگا کہ وہ سیاسی زندگی میں دولت کمانے کیلئے آئے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ایک شخص بے قاعدگیوںکے ذریعہ بھی کافی دولت اکھٹا کرتا ہے، ان میں اور عوامی نمائندے میں کیا فرق ہوگا۔ عوامی خدمت کو اپنا نصب العین بنانے کا مشورہ دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ وہ دن ہمیں واپس لانے ہوں گے جب عوامی نمائندے کی عوام کی نظروں میں قدر و منزلت ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو عوامی خدمت کا موقع حاصل نہیں ہوتا۔ خدا نے ہمیں جو موقع دیا ہے ، اس سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے عوام کی خدمت کیلئے وقف ہوجانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں ہم پہلے عوامی نمائندے ہیں ۔ اس اعتبار سے تلنگانہ کی تاریخ میں اپنا شمار ہوگا۔ ہمیں عوام کے درمیان یہ ثابت کرنا ہوگا کہ سابق حکمرانوں اور موجودہ عوامی نمائندوں میں کارکردگی کے اعتبار سے کیا فرق ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ صرف بہتر کارکردگی کے ذریعہ ہم آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوبارہ کامیابی حاصل کرنا کوئی بڑی بات نہیں۔ تاہم ہمیں ایسا ماحول پیدا کرنا چاہئے کہ عوامی خدمت کے ذریعہ ہم دلوں میں مقام پیدا کرسکیں۔