’سومناتھ بھارتی نے میرے پیچھے کتے چھوڑے‘

نئی دہلی 11 جون (سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کے سابق وزیر قانون سومناتھ بھارتی کی اہلیہ نے آج یہ لرزہ خیز الزام عائد کیا کہ جس وقت وہ حاملہ تھیں‘ ان کے شوہر نے کتوں کو پیچھے لگادیا اور انہیں انتہائی ذہنی و جسمانی اذیتیں دیں۔ عاپ رکن اسمبلی نے اس الزام کو بے بنیاد قرار دیا ۔ سومناتھ بھارتی پر اس انکشاف کے بعد دباو بڑھ رہا ہے اور انہوں نے آج چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال سے ملاقات کرتے ہوئے اس مسئلہ کے بارے میں واقف کرایا ۔ دہلی کمیشن فار ویمن میں بھارتی کی اہلیہ لپیکا نے اپنی شکایت میں یہ بھی کہا کہ تیسری مرتبہ حاملہ ہونے کے بعد انہیں حمل ساقط کرانے کیلئے مجبور ہونا پڑا ۔انہوں نے ہراسانی اور اذیت سے تنگ آکر ایک مرتبہ کلائی کاٹ لینے کی کوشش بھی کی تھی ۔ لپیکا نے کہا کہ جس وقت وہ سات ماہ کے حمل سے تھیں‘ ان کے شوہر کتوں کو ان کے پیچھے چھوڑا کرتے ۔ کمیشن کی صدر نشین برکھا سنگھ نے بتایا کہ لپیکا نے 26 صفحات پر مشتمل شکایت میںکہا کہ سومناتھ بھارتی سے ان کی زندگی کو مستقل خطرہ لاحق رہا ۔ اس جوڑے کے دو بچے ہیں اور لپیکا اپنے بچوں کے ساتھ دوارکا میں علحدہ رہتی ہے۔سومناتھ بھارتی پیشہ سے وکیل ہیں اور وہ عام آدمی پارٹی کی پہلی 49 دن کی حکومت میں وزیر قانون تھے ۔ انہوں نے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کی ۔ اس دوران دہلی بی جے پی ویمنس ونگ نے بھارتی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور کئی احتجاجیوں نے مالویہ نگر میں ان کی رہائش گاہ کی طرف مارچ کی کوشش کی ۔ انہوں نے اس سارے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ بھارتی نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ اپنی بیوی اور چھوٹے بچوں سے محبت کرتے ہیں‘‘۔اسی دوران لپیکا نے آج شوہر سومناتھ بھارتی کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی جس میں گھریلو تشدد اور اذیت رسانی کا الزام عائد کیا ۔ دوارکا میں ساوتھ ویسٹ ڈسٹرکٹ کے ڈی سی پی آفس میں یہ شکایت درج کروائی گئی جسے مزید تحقیقات کے لئے خواتین کے خلاف جرائم سیل سے رجوع کردیا گیا ہے۔