ورنگل 19 جنوری (این ایس ایس)تلنگانہ پولیٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کنوینر ایم کودنڈا رام نے آج چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کی جانب سے علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کی مسلسل سخت مخالفتوں پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور الزام عائد کیا کہ وہ (کرن کمار) اخلاقی اقدار سے عاری ہیں۔ کودنڈا رام جو تلنگانہ نٹیزنس فورم کے زیر اہتمام یہاں این آئی آئی ٹی پر ’تلنگانہ تعمیر جدید‘ کے عنوان پر سمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کرن کمار ریڈی میں اگر عزت نفس اور اخلاقی اقدار کا احساس ہے تو انہیں چاہئے کہ وہ چیف منسٹر کے عہدہ سے مستعفی ہوجائیں اور اس کے بعد سیما آندھرا ایجی ٹیشن کی قیادت کریں۔ کودنڈا رام نے تلنگانہ بل پر بحث کیلئے مزید وقت طلب کرنے سیما آندھرا قائدین کی کوشش کی بھی سخت مذمت کی۔