’تلاشی سے استثنیٰ، سیکوریٹی کیلئے خطرہ نہیں‘ :گجپتی راجو

نئی دہلی ۔ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) طیارہ میں سفر کے دوران ’’لائٹر، دیا سلائی کی ڈبیہ‘‘ ساتھ رکھنے کے ریماک پر پیدا شدہ تنازعہ کی پرواہ کئے بغیر وزیر شہری ہوا بازی اشوک گجپتی راجو نے کہا کہ ایرپورٹس پر تلاشی سے مستثنیٰ رکھنے کو سیکوریٹی کیلئے خطرہ نہیں سمجھا جانا چاہئے۔ مسٹر راجو نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’شہری ہوا بازی کے وزیر کی تلاشی نہیں لی جاتی۔ میں نہیں سمجھتا کہ حکومت ہند کے وزیر شہری ہوا بازی سے سیکوریٹی یا کسی اور ات کا کوئی خطرہ لاحق ہوسکتا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا تھا کہ وزیر شہری ہوا بازی کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد ان کے لائٹر یا دیا سلائی کی ڈبیہ کو ضبط نہیں کیا جارہا ہے حالانکہ پہلے ایسا کیا جاتا تھا۔ اخباری نمائندوں نے ان کے اس ریمارکس پر پیدا شدہ تنازعہ پر تبصرہ کی خواہش کی تھی۔ مسٹر راجو نے سوال کیا کہ ’’ایسا کیا بڑا تنازعہ ہے جو میرے تبصروں سے پیدا ہوا ہے۔ اگر میں ایسا کہا ہوں تو اس میں برا کیا ہے۔ مجھے فرق صرف یہ تھا جو میں نے محسوس کیا کہ اب میرا لائیٹر یا دیا سلائی کی ڈبیہ ضبط نہیں ہوتی جو پہلے ہوا کرتی تھی‘‘۔ واضح رہیکہ طیاروں میں سفر کے دوران لائٹرس یا دیا سلائی ساتھ رکھنے پر امتناع عائد ہے۔ اس سوال پر کہ آیا وقت کے تقاضوں سے غیر ہم آہنگ قواعد کو تبدیل کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے جواب دیا کہ ان میں وقت بروقت تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔