لندن۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شدت پسند تنظیم دولت ِاسلامیہ میں ممکنہ طور پر شمولیت کیلئے ترکی کے راستے شام جانے والی تین برطانوی لڑکیوں کے ترکی میں سفر کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے۔15 سالہ شمیمہ بیگم اور عامرہ عباسی اور 16 سالہ خازیدہ سلطانہ نے 17 فروری کو لندن سے استنبول روانہ ہوئی تھیں۔فوٹیج میں 18 فروری کو یہ تینوں لڑکیاں استنبول میں بس سٹیشن پر بیٹھی دیکھی جا سکتی ہیں۔سکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ تینوں لڑکیاں ترکی سے شام چلی گئی ہیں اور دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں سے ان کی ملاقات سرحد پر ہوئی ہو گی۔بی بی سی کے خیال میں ان لڑکیوں نے بس سٹینڈ پر قائم دو بس کمپنیوں کے دفاتر میں انتظار کیا اور اس کے بعد شام کی سرحد کے قریب ترکی کے علاقے عرفا کی بس میں بیٹھ گئیں۔ایک اندازے کے مطابق یہ تینوں لڑکیاں 18 گھنٹے تک بس سٹینڈ پر موجود رہیں۔سی سی ٹی وی سے لی گئی تصاویر17 فروری 18:27 جی ایم ٹی اور 18 فروری 11:22 جی ایم ٹی کے درمیان لی گئی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں لڑکیاں پانچ یا چھ روز قبل ترکی اور شام کی سرحدی کراسنگ کلس کے قریب سے شام میں داخل ہوئی ہیں۔اس سے قبل برطانوی سکیورٹی ایجنسیاں تنقید کی زد میں ہیں کیونکہ ترکی پہنچنے والی طالبہ شمیمہ نے برطانیہ چھوڑنے سے قبل ٹوئٹر پر اقصیٰ محبوب کو پیغام بھیجا تھا۔یہ وہی اقصیٰ ہیں جو 2013 میں دولتِ اسلامیہ کے جنگجو سے شادی کرنے کیلئے گلاسکو سے شام پہنچی تھیں۔تینوں لڑکیوں کے اہلِ خانہ نے ان سے گھر واپسی کی اپیل کی ہے۔