کینبرا۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بحرہند میں تقریباً دو سال قبل لاپتہ ہوئے ملائیشیائی طیارہ MH-370 کی ہنوز تلاش جاری ہے لیکن حالیہ دنوں میں تلاشی مہم بھی شدید طور پر اس وقت متاثر ہوئی جب تلاش کرنے والے تین بحری جہازوں کے منجملہ دو بحری جہازوں کے انجنوں کو نقصان پہنچا۔ دریں اثناء لاپتہ طیارہ کی تلاشی کرنے والے آسٹریلین ٹرانسپورٹ سیفٹی بیوریو‘‘ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جہاز کے اس حصہ میں جو پانی کے اندر رہتا ہے اور وہاں نصب کئے گئے ایک مواصلاتی آلہ نصب تھا جو دراصل مچھلیوں کے جال کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے، اس پر شدید ضرب لگنے سے وہ ٹیڑھا ہوگیا ہے۔ غوطہ خوروں نے مینٹننس ویزٹ کے دوران زیرسمندر اس نقصان کو نوٹ کیا۔ مذکورہ مواصلاتی آلہ کو جمعرات کے روز اس وقت تبدیل کیا جائے گا جب بحری جہاز ہویلا ہارمنی پرتھ سے جنوبی بحرہند کی جانب روانہ ہوگا۔