گوہاٹی ایرپورٹ پر حاملہ خاتون کی تلاشی کا شاخسانہ
گوہاٹی۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) سنٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس ( سی آئی ایس ایف) نے منگل کو یہ بات کہی کہ حاملہ خاتون کی گوہاٹی ایرپورٹ پر تلاشی لینے کے الزام کے تحت خاتون سب انسپکٹر کا تبادلہ کردیا گیا ہے جو قبل ازیں اسکریننگ پر مامور تھی اسے دوبارہ تربیت کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔ سی آئی ایس ایف نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ خاتون سب انسپکٹر کا تبادلہ کردیا گیا ہے اور اسے دوبارہ تربیت حاصل کرنے کیلئے روانہ کردیا گیا ہے۔ سی آئی ایس ایف نے اس واقعہ پر متاثرہ خاتون سے اظہار ہمدردی ظاہر کی تھی۔ سی آئی ایس ایف نے اس معاملے کی شفاف تحقیقات کا تیقن بھی دیا۔ علاوہ ازیں گوہاٹی ایرپورٹ پر اسکریننگ کیلئے نئی خاتون انسپکٹر کا تقرر عمل میں لایا گیا ہے۔ یہ واقعہ 24 جون کو پیش آیا تھا جبکہ حاملہ خاتون اور اس کا شوہر نئی دہلی کیلئے گوہاٹی ایرپورٹ سے روانہ ہونے کیلئے پہونچے تھے۔