۔9/11 حملوں میں ہرجانہ ،ایران کا امریکہ سے احتجاج

تہرا ن۔27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)  امریکہ کی ایک عدالت کی جانب سے 11 ستمبر 2001ء کو نیویارک میں ہوئے دہشت گردی کے واقعات میں ایران کے ملوث ہونے پر تہران کو 10.7 ارب ڈالرس کا جرمانہ ادا کرنے کے فیصلے پر ایران نے سخت احتجاج کیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ نے ایران میں امریکی مفادات کے نگراں اور یورپی ملک سوئٹرزلینڈ کے سفیر کو طلب کر کے ان سے سخت احتجاج کیا۔خبر رساں ایجنسی "فارس” کے مطابق وزارت خارجہ نے سوئس سفیر دفتر خارجہ میں طلب کر کے ان سے امریکی عدالت کی طرف سے عائد کردہ جرمانے پر اپنے شدید رد عمل کا اظہار کیا۔ وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 9/11 کے حملوں میں ایران کو گھیسٹ کر تہران کے خلاف ایک نئی سازش کی جا رہی ہے۔ 9/11 کے متاثرین کو 10.7 ارب ڈالر کی رقم ادا کرنے اور 2.65 ارب ڈالر کی رقم 1983ء میں بیروت میں امریکی بحریہ کے اڈے پر ہوئے بم دھماکوں کے متاثرین کو ادا کرنے کا حکم دے کر ایران کے بیرون ملک اثاثے سلب کرنے کی سازش کی گئی ہے۔تہران حکومت نے سوئس سفیر کو دو الگ الگ احتجاجی یادداشتیں بھی پیش کی جن میں ان سے امریکہ میں منجمد ایرانی اثاثوں کو 9/11 اور بیروت دھماکوں کے متاثرین کو ادا کرنے کے عدالتی فیصلے کی شدید مذمت کی گئی۔