۔80 برس کی عمر میں چاول کیساتھ سوکھی مرچی کھاکر کھولتا ہوں روزہ

نئی دہلی۔ 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سوکھی مرچ اور نمک سے باسی چاول کھانا بہت تکلیف دیتا ہے۔ خاص کر اس عمر میں یہ کھانا جسم کو برداشت نہیں کرپاتا۔ کئی مرتبہ مرچ کی وجہ سے کھانا زبان سے نیچے نہیں جاپاتا، تب پانی پی کر لقمہ اندر جاپاتا ہے۔ رمضان المبارک کا مہینہ سب کیلئے کسی نہ کسی طرح کی آزمائش کا مہینہ ہوتا ہے۔ روزہ بھی بھی بہت لوگوں کیلئے ایک طرح کی آزمائش ہی ہے۔ میرے لئے روزہ کبھی مشکل نہیں رہا۔ سال بھر بھی فاقہ میں ہی گذرتا ہے۔ بھوکے پیاسے رہنا کوئی تکلیف کی بات نہیں ہے۔ اب میں 80 سال کا ہونے کو آیا ہوں۔ ماں باپ مزدور تھے ، وہی مزدوری مجھے وراثت میں ملی ہے۔ بچوں کیلئے خوب محنت کی لیکن کبھی روٹیوں اور پیار سے زیادہ کچھ نہیں دے سکا۔ یہی پیار ہے جو عمر ہوجانے پر بیٹی نے مجھے اور میری بیوی کو اپنے پاس بلایا ۔ وہ خود غریب ہے۔ اس کا شوہر مزدوری کرتا ہے اور بڑی مشکل سے دو وقت کا کھانا مل پاتا ہے۔ ان سب کے باوجود دونوں ہم بوڑھا بوڑھی کو بے حد پیار اور عزت دیتے ہیں۔ بہرحال سال بھر کے روزے کی عادت ختم نہیں ہوگی۔