۔8 سرکاری میڈیکل کالجس میں ایم بی بی ایس داخلوں کا حکم

میڈیکل کونسل کا امتناع برخاست، سپریم کورٹ کا فیصلہ

نئی دہلی 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج ایک استثنائی قدم اُٹھاتے ہوئے تین ریاستوں میں واقع آٹھ سرکاری میڈیکل کالجوں کو تعلیمی سال 2018-19 ء کے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسیس میں 800 طلبہ کے داخلے درج کرنے کی اجازت دی ہے۔ بعض خامیوں اور نقائص کے سبب مرکز نے ان کالجوں میں داخلوں پر امتناع عائد کردیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے اترپردیش، بہار اور جھارکھنڈ کے چیف سکریٹریز اور پرنسپال سکریٹریز و انچارج طبی تعلیم پر جوابدہی کے ساتھ یہ ذمہ داری عائد کی ہے کہ وہ مقررہ مدت میں ان خامیوں اور نقائص کی اصلاح کریں۔ جسٹس ایس عبدالنذیر اور جسٹس اندو ملہوترہ پر مشتمل ایک تعطیلاتی بنچ نے میڈیکل کونسل آف انڈیا (ایم سی آئی) سے کہاکہ نشاندہی شدہ خامیوں اور نقائص کی اصلاح کے بارے میں پتہ چلانے کے لئے تین ماہ بعد ان کالجوں کا معائنہ کیا جائے۔ بنچ نے مزید کہاکہ ’’ہم ہدایت کرتے ہیں کہ تین ریاستوں کے پرنسپال سکریٹریز کی طرف سے داخل کردہ حلفناموں کے پیش نظر مذکورہ میڈیکل کالجوں میں رواں تعلیمی سال 2018-19 ء کے لئے ایم بی بی ایس کورسیس میں داخلوں کی اجازت دی جائے‘‘۔ واضح رہے کہ بہار کے انو گراہ نارائن مگدھ میڈیکل کالج، گیا، وردھمان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس، یونپوری، نالندہ اور بٹھیا جھارکھنڈ کے مہاتما گاندھی میڈیکل کالج جمشید پور کے علاوہ اترپردیش کے چار میڈیکل کالجوں گورنمنٹ ایلوپیتھک میڈیکل کالج بانڈہ، گورنمنٹ میڈیکل کالج سہارنپور، گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل اعظم گڑھ اور راجکی میڈیکل کالج جلاؤن میں رواں تعلیمی سال کے دوران داخلوں پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
بی جے پی کو جموں و کشمیر میں مقام حاصل کرنے کی امید
نئی دہلی ۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) ریاست کی مخلوط حکومت سے سبکدوشی کے فیصلہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی کے ذرائع نے کہا کہ اس فیصلہ سے ریاست میں بی جے پی اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرلے گی اور یہ اس کے اپنے بل بوتے پر ہوگا۔