۔70,000 لاپتہ بچوں کو بچا لیا گیا : راج ناتھ سنگھ

نئی دہلی۔26ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں وزارت داخلہ کی خصوصی مہم کے ذریعہ زائد از 70 ہزار لاپتہ بچوں کو بچا لیا گیا ہے۔ ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ملک میں 2022ء تک بچہ مزدوری کو ختم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے ’’آپریشن اسمائیل‘‘ کا آغاز کیا گیا تاکہ لاپتہ بچوں کا پتہ چلایا جاسکے۔ اس آپریشن کے ذریعہ آج کی تاریخ تک 70 ہزار بچوں کو بچایا گیا۔ جنوری 2015ء میں وزارت داخلہ کی جانب سے اس آپریشن کا آغاز کیا گیا تھا تاکہ بچوں کو مزدوری سے چھٹکارہ دلاکر ان کی بازآبادکاری کی جائے۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بچپن خدا کا انمول تحفہ ہے، لیکن جو بچے، بچہ مزدوری میں جھونک دیئے جارہے ہیں، وہ اس خوبصورت تحفے سے محروم ہوگئے ہیں، ہم نے ہندوستان کو آئندہ 5 سال کے دوران بچہ مزدوری سے پاک بنانے کا عزم کیا ہے۔ اسی تناظر میں مہم چلائی جارہی ہے۔ قومی تحفظ ِبچہ مزدوری قانون کو موثر طریقہ سے روبہ عمل لایا جائے گا۔