۔70 ملین ٹن کوئلہ پیدا کرنا ‘ سنگارینی کالریز کا نشانہ

حیدرآباد 2 مئی ( پی ٹی آئی ) سرکاری سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ نے جاریہ اقتصادی سال 2019-2020 کے دوران 70 ملین ٹن کوئلہ کی پیداوار کا نشانہ مقرر کیا ہے ۔ سنگارینی کالریز کے ایک اعلامیہ کے بموجب چونکہ کچھ قدیم کانیں بند ہونے والی ہیں اس لئے نئی کانوں پر توجہ مبذول کی جانی چاہئے ۔ اس کے علاوہ ضرورت سے زیادہ بوجھ والی کانوں کو ختم بھی کیا جارہا ہے ۔ سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ کے مینیجنگ ڈائرکٹر و صدر نشین این سریدھر نے تمام ایریا جنرل مینیجرس ‘ ڈائرکٹرس اور دوسرے اہم شعبہ جات کے سربراہان کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا ۔ مسٹر سریدھر نے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں کوئلہ کی کافی طلب ہے اور دوسری ریاستوں سے بھی طلب بڑھتی جا رہی ہے ۔ اس طلب کو پورا کرنے کیلئے کوئلہ کی پیداوار میں اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ نئے کوئلہ پلانٹس بھی قائم کئے جائیں گے ۔عموما سنگارینی کالریز کمپنی کی جانب سے سالانہ 65 ملین ٹن کوئلہ پیدا کیا جاتا ہے ۔