۔65 لاکھ ٹن اضافی پٹرول اسٹوریج کی صلاحیت بڑھانے کو منظوری

نئی دہلی۔ 27 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام )مرکزی حکومت نے اسٹریٹیجک پٹرولیم اسٹوریج صلاحیت 65لاکھ ٹن بڑھانے کیلئے دو مقامات کا انتخاب کیاہے ۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج یہاں ہوئی کابینہ کی میٹنگ کے بعد وزیر ریلوے پیوش گوئل نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک میں اسٹریٹیجک پٹرولیم اسٹوریج کیلئے اوڈیشہ میں چاندی کھول اور کرناٹک کے پدور کو منتخب کیا گیا ہے ۔ چاندی کھول میں چالیس لاکھ اضافی پٹرولیم اسٹوریج کی صلاحیت بڑھائی جائیگی جب کہ پدور اسٹوریج مرکز کی صلاحیت 25لاکھ ٹن ہوگی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے 2017-18 کے بجٹ میں دو اضافی اسٹوریج سینٹر کھولنے کو منظوری دی تھی اوراسی کے تحت چاندی کھول اور پدور میں اسٹریٹیجک پٹرولیم اسٹوریج مراکز قائم کئے جارہے ہیں ۔ دونوں مراکز زیر زمین ہوں گے ۔ ان دونوں مراکز کی تعمیر سے ملک میں تیل اسٹوریج کی صلاحیت میں 12دنوں کا اضافہ ہوجائیگا۔مسٹر گوئل نے کہاکہ اسٹریٹیجک پٹرولیم اسٹوریج کی صلاحیت میں اضافہ کرنے کا فیصلہ جون 2004میں واجپائی حکومت نے لیا تھا ۔