۔62 نکسلائیٹس نے ہتھیار ڈال دیئے

رائے پور ۔ 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چھتیس گڑھ کے شورش زدہ علاقہ ابوج مرا سے تعلق رکھنے والے زائد از 62 نکسلائیٹس نے آج پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیا۔ ان کے 10 حامیوں نے بھی ہتھیار ڈال دیئے۔ نارائن پور میں پولیس کے سامنے ان نکسلائیٹس نے اپنے کیڈرس کے ساتھ پہنچ کر خود کو پولیس کے حوالہ کردیا۔ اس کیڈر میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ سینئر پولیس اور انڈو تبتن بارڈر پولیس کے عہدیدار اس وقت موجود تھے۔ نارائن پور ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس انیل سونی نے بتایا کہ خودسپرد ہونے والے نکسلائیٹس میں تین مقامی گوریلا اسکواڈ کے ارکان بھی شامل ہیں۔ 8 ارکان کا تعلق چیتناناٹیہ منچ سے ہے۔ اس کے علاوہ 45 کا تعلق ممنوعہ تنظیموں سے ہے۔ نکسلائیٹس کے اس اقدام کو اچھی علامت قرار دیتے ہوئے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس نے کہا کہ ماوسٹ اب اپنے علاقوں میں ترقی دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس لئے یہ لوگ تشدد ترک کرکے سماج کے اصل دھارے میں شامل ہورہے ہیں۔