مذہبی شخصیتوں میں مفتی محمد عظیم الدین صدر مفتی جامعہ نظامیہ کا انتخاب
حیدرآباد۔/31مئی، ( سیاست نیوز) یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر حکومت نے مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات انجام دینے والی 62 شخصیتوں کیلئے ریاستی سطح کے تلنگانہ ایوارڈز 2016کا اعلان کیا ہے۔29 مختلف شعبوں میں ان ایوارڈز کا اعلان کرتے ہوئے سکریٹری محکمہ ثقافت بی وینکٹیشم نے آج احکامات جاری کئے۔ اس ایوارڈ کے تحت ایک لاکھ 116 روپئے اور شال، سرٹیفکیٹ اور مومنٹو پیش کیا جائیگا۔ یوم تاسیس تلنگانہ کی تقریب میں یہ ایوارڈز چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ہاتھوں پیش کئے جائیں گے۔ مذہبی شخصیتوں کے زمرہ میں مفتی محمد عظیم الدین صدر مفتی جامعہ نظامیہ کا انتخاب کیا گیا۔ اس کے علاوہ ایک عیسائی اور ایک ہندو مذہبی رہنما کا بھی انتخاب عمل میں آیا۔ ادب کے زمرہ میں جملہ 7 ایوارڈز دیئے جائیں گے جن میں اردو کے 2 ادیب عبدالرحمن خاں ( حیدرآباد ) اور میر ابراہیم حامی ( حیدرآباد ) کو شامل کیا گیا ہے۔ دیگر 5 ادیبوں کا تلگو زبان سے تعلق ہے۔ صحافت کے زمرہ میں 6 ایوارڈز کا اعلان کیا گیا جن میں سی آر گوری شنکر ( دکن کرانیکل حیدرآباد )، این سرینواس ( ورنگل )، اے ملیشم ( حیدرآباد )، ایم اے ماجد، کویتا ( الکٹرانک میڈیا ) اور شنکر ( کارٹونسٹ ) شامل ہیں۔ ملازمین کے زمرہ میں کاماریڈی میں تلنگانہ آر ٹی سی کے ڈرائیور محمد تجمل حسین کو ریاستی ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر 62 ایوارڈز میں مسلم اقلیت سے تعلق رکھنے والی صرف 5 شخصیتیں ہیں۔ ڈانس کے زمرہ میں 2 ، میوزک 2 ، فولک میوزک 5 ، انقلابی فنکار 3 ، پینٹنگس1 ، وید پنڈت 1، پجاری 2 ، سائنٹسٹ 3 ، ہینڈی کرافٹ 1 ، اسپورٹس 2، سرکاری ملازمین 8 ، ڈاکٹر 1 ، این جی او 1 ، سوشیل ورک 1 ، کسان 3 ، آنگن واڑی ورکر 1 ، میونسپلٹی کھمم ، گرام پنچایت 2 ، انٹر پرینور 1، قانون داں 1 ، منڈل ونپرتی ، ٹیچر 2 ، فارمنگ شعبہ 1 ، ایکس سرویس مین 2 اور کارنامہ انجام دینے کے زمرہ میں 1 ایوارڈ کا اعلان کیا گیا۔