۔60 امریکی سفارتکاروں کا اخراج امریکی قونصل خانہ بند، روس کا جوابی اقدام

ماسکو ۔ /29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ روس سرجی لوروف نے کہا کہ روس 60 امریکی سفارتکاروں کو خارج کردے گا ۔ سینٹ پیٹرس برگ میں امریکی قونصل خانہ بند کردے گا ۔ سابق ڈبل ایجنٹ سرجی اسکریپال کو زہر دینے پر روسی سفارتکاروں کے اخراج پر جوابی کارروائی کے طور پر روس یہ اقدام کررہا ہے ۔ وزیر خارجہ لوروف نے کہا کہ امریکی سفیر کو اس کی اطلاع دی جاچکی ہے ۔ ہماری جوابی کارروائی میں مساوی تعداد میں امریکی سفارتکاروں کا اخراج اور امریکی قونصل خانے کا بند کردینا شامل ہے ۔ امریکہ نے قبل ازیں 60 روسی سفارتکاروں کو خارج کردیااور روسی قونصل خانہ برائے سیاٹل بند کردیا تھا ۔ لوروف نے کہا کہ روس اینٹ کا جواب پتھر سے دیتا ہے ۔ دیگر ممالک نے بھی روسی سفارتکاروں کو اظہار یکجہتی کے طور پر اپنے ممالک سے خارج کیا ہے ۔