۔6 نئے آئی آئی ٹیز کو مرکزی کابینہ کی منظوری

نئی دہلی ۔ 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی کابینہ نے آج آندھراپردیش، چھتیس گڑھ، گوا ، جموں وکشمیر ، کیرالا اور کرناٹک میں 6 نئے انڈین انسٹیٹیوٹس آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) کے قیام کی تجویز کو منظوری دی۔ وزیراعظم نریندر مودی کی زیرصدارت کابینہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ان آئی آئی ٹیز کیلئے 1,411.80 کروڑ روپئے درکار ہوں گے جنہیں 2015-16 اور 2018-19ء کے درمیان ادا کیا جائے گا۔
اَفسپا کی تنسیخ کا فیصلہ نہیں کیا گیا : حکومت
نئی دہلی۔ 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) فوج کو خصوصی اختیارات سے متعلق متنازعہ قانون افسپا کی تنسیخ کے سلسلے میں حکومت نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے حالانکہ جیون ریڈی کمیٹی رپورٹ میں اس کی سفارش کی گئی تھی۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ کرن رجیجو نے آج راجیہ سبھا میں باتیا کہ حکومت نے اس ضمن میں کوئی فیصلہ نہیں کیا اور وہ ایسے کسی فیصلہ سے قبل پوری طرح احتیاط کے ساتھ صورتِ حال کا تجزیہ کرے گی۔