۔50 ہزار روپئے لے کر اسقاط حمل کروالیں

پٹنہ ۔ 4 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بہار میں ایک پنچایت نے عصمت ریزی کا شکار ایک لڑکی کو یہ حکم دیا ہے کہ 50 ہزار روپئے لے کر اپنا حمل ساقط کروالے جب کہ یہ لڑکی 4 بھائیوں کی عصمت ریزی کی وجہ سے اب 7 ماہ کی حاملہ ہوگئی ہے ۔ متاثرہ لڑکی اور اس کی والدہ نے پولیس کو بتایا کہ اس کے گاؤں کے 4 بھائیوں نے چند ماہ قبل عصمت ریزی کی تھی ۔ اب یہ لڑکی 7 ماہ کے حمل سے ہے ۔ ایک پولیس آفیسر شریمتی سوتیا گپتا نے کشن گنج سے ٹیلی فون پر یہ اطلاع دی اور بتایا کہ جب متاثرہ لڑکی گاؤں کی پنچایت سے انصاف رسائی اور ملزمین کو سزا دینے کے لیے رجوع ہوئی تو پنچایت ارکان نے لڑکی کو حکم دیا کہ 50 ہزار روپئے لے کر اپنا حمل ساقط کروالے لیکن اس لڑکی نے رقم لینے سے انکار کردیا ۔ یہ حکم ضلع کشن گنج میں قصبہ پکولہ پلاسنمی کی پنچایت نے صادر کیا ہے ۔ یہ 16 سالہ لڑکی ایک خانہ بدوش مزدور کی دختر ہے ۔ وہ اپنے خاندان کی معاشی کفالت کے لیے راجستھان میں کام کرتا ہے اور اس کی ماں یومیہ اجرت پر کھیت مزدوری کرتی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمین کے خلاف ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کردی گئی اور ملزمین کی گرفتاری کے ساتھ پنچایت ارکان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ پنچایت کی دھمکیوں کے بعد متاثرہ لڑکی پولیس سے رجوع ہونے کے لیے خوفزدہ تھی ۔