بی جے پی کی حلیف شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کا سوال
ممبئی۔ 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی حکومت پر نوٹوں کی تنسیخ کے سلسلے میں اپنی تنقید جاری رکھتے ہوئے شیوسینا کے صدر ادھو ٹھاکرے نے آج اُن سے سوال کیا کہ ’’اب ہم کیا کریں، کیونکہ وزیراعظم نے 50 دن کی مہلت طلب کی تھی جو قریب الختم ہے‘‘۔ مودی نے کہا تھا کہ ’’نوٹوں کی تنسیخ کے بعد 50 دن کے اندر صورتحال معمول پر آجائے گی، کیا یہ صرف زبانی جمع خرچ تھا۔ 50 دن 30 ڈسمبر کو ختم ہوجائیں گے، اب ہم 31 ڈسمبر سے کیا کریں۔ ٹھاکرے شمالی مہاراشٹرا کے علاقہ دھولے میں ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ شیوسینا عظیم تر ممبئی مجلس بلدیہ میں اپنا اقتدار برقرار رکھے گی۔ آئندہ انتخابات میں اعظم ترین نشستیں حاصل لرے گی اور ریاست گیر سطح پر اعظم ترین تعداد میں اس کے امیدوار میئر منتخب ہوں گے۔ شیواجی میموریل کی تعمیر کیلئے بھومی پوجن تقریب میں مودی کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے احساس ہوتا ہے کہ تقاریر کرنے کا سلسلہ ختم نہیں ہوگا ۔ شیوسینا کے سینئر ریاستی وزیر نے کہا کہ ان کی پارٹی اہم بلدی انتخابات میں اپنے بل بوتے پر مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے، تاہم انہوں نے اپنی شناحت ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی ۔