۔5 سال سے کم عمر بچے پاسپورٹ بائیومیٹرک سے مستثنیٰ

نئی دہلی۔27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ کو آج مطلع کیا گیا کہ شیرخواروں اور پانچ سال سے کم عمر بچوں کو وزارت خارجہ سے حصول پاسپورٹ کے لیے بائیومیٹرکس کی فراہمی سے استثنیٰ دیا ہے۔ مملکتی وزیر خارجہ وی کے سنگھ نے ایک تحریری جواب میں لوک سبھا کو بتایا کہ تاہم ان بچوں کو پاسپورٹ پر طبع کی جانے والی تصویر کے لیے پاسپورٹ ای سیوا کیندروں پر لانا ضروری ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ’’وزارت نے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پاسپورٹ جاری کرنے والی اتھاریٹی کو فنگر پرنٹس (ابہام انگشت) کے طور پر بائیومیٹرکس دینے سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔‘‘ اس سوال پر کہ آیا استثنیٰ دینے کے لیے کوئی نمائندگی موصول ہوئی تھی؟ مملکتی وزیر نے جواب دیا کہ ’’جی ہاں! مملکت کو نمائندگی موصول ہوئی تھی کہ نو مولود بچوں کو بایومیٹرکس سے مستثنیٰ رکھا جائے۔‘‘