۔4مشتبہ دہشت گرد اوڈیشہ سے اے پی میں داخل!پولیس ہر زاویہ سے جانچ کررہی ہے، تین ایرانیوں سے بھی پوچھ تاچھ

بھوبنیشور؍حیدرآباد۔/27جنوری، ( پی ٹی آئی ) عراق کے متوطن 4مشتبہ دہشت گرد کل سے لاپتہ ہیں اور اوڈیشہ پولیس نے 3ایرانیوں کو شبہ کی بنیاد پر حراست میں لے لیا اور ان کے برگڑھ دورہ کے مقصد کی جانچ کررہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان تین ایرانی شہریوں کے پاس سیاحتی ویزا تھا اور انہیں دہلی رجسٹریشن نمبر کی حامل ایک کار کو برگڑھ میں واقع ایک گیاریج میں مرمت کراتے دیکھا گیا چنانچہ پولیس نے معلومات کیلئے ان تینوں کو حراست میں لے لیاتھا۔ برگڑھ کے سپرنٹنڈنٹ پولیس اشیش کمار سنگھ نے ان تینوں کی تفتیش کی اور دستاویزات کی تنقیح کی کیونکہ ان کا دورہ مشتبہ لگ رہا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ وہ سامبا پور سے برگڑھ کا سفر کررہے تھے۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس اشیش کمار سنگھ یہ معلوم کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ کیا یہ چار افراد وہی ہیں جنہیں 25جنوری کی شب ایک ہوٹل میں شناختی ثبوت پیش کرنے کیلئے کہا گیا تو وہ اچانک لاپتہ ہوگئے تھے۔ ان چار مشتبہ دہشت گردوں نے ایک بڑی کار استعمال کی تھی جبکہ ایرانیوں کے پاس چھوٹی کار تھی، یہ چاروں کار میں ہوٹل گئے تھے جس کا نمبر دہلی کا تھا لیکن بعد میں یہ فرضی ثابت ہوا۔ تین ایرانی برگڑھ پولیس اسٹیشن میں آج رات دیر گئے تک موجود تھے۔ اسی دوران پولیس نے دہلی رجسٹریشن نمبر کی ایک اور کار ضبط کی ہے اور اس کے مالک کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا۔ شہر کی ہوٹل سے فرار ہونے والے چار مشتبہ دہشت گردوں کے بارے میں یہ شبہ ہے کہ وہ آندھرا پردیش میں داخل ہوگئے ہیں چنانچہ اوڈیشہ پولیس نے آندھرا پردیش پولیس کو باخبر کردیا ہے۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ چار مشتبہ دہشت گردوں نے جو کار استعمال کی تھی وہ آندھرا پردیش سرحد میں داخل ہوچکی ہے۔ اس گاڑی کا بھی رجسٹریشن نمبر دہلی کا ہی تھا۔ اس دوران آندھرا پردیش پولیس نے کہاکہ انہیں دہلی رجسٹریشن نمبر کی ایک گاڑی کا پتہ چلا اور پانچ افراد بشمول دو خواتین کو وشاکھا پٹنم میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس یہ معلوم کررہی ہے کہ کیا یہ پانچ وہی مشتبہ دہشت گرد ہیں جو پڑوسی اوڈیشہ سے فرار ہوگئے۔