۔350 عازمین عمرہ شمس آباد ایرپورٹ پر پھنس گئے

شمس آباد 21 اپریل (سیاست نیوز) راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد سے جدہ روانہ ہونے والے ایر انڈیا فلائیٹ کی اچانک منسوخی کے سبب احرام باندھتے ہوئے عازمین عمرہ 17 گھنٹوں تک ایرپورٹ پر پھنس گئے جس کے نتیجہ میں اُنھیں سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے بموجب ایر انڈیا فلائیٹ نمبر AI-965 کو آج شام 6 بجکر 35 منٹ پر شمس آباد ایرپورٹ سے جدہ کیلئے پرواز کرنا تھا جس میں 350 عازمین عمرہ سوار تھے۔ اچانک منسوخ کردیا گیا۔ عازمین کی جانب سے احتجاج کرنے پر انھیں مسلسل ٹالا جارہا تھا اور جب شدید احتجاج کیا گیا تو انھیں بتایا گیا کہ فلائیٹ کل صبح 11 بجے جدہ کے لئے روانہ ہوگی۔ ایر انڈیا کے عہدیداروں نے بتایا کہ ممبئی میں فلائیٹ کے وقت کو بڑھانے کی وجہ سے یہاں پر بھی فلائیٹ کو روک دیا گیا تھا اور آخرکار اسے منسوخ کرکے کل صبح 11 بجے کا وقت دیا گیا ہے۔ فلائیٹ کو 17 گھنٹے کی تاخیر کرنے سے عازمین کو جو زیادہ تر احرام باندھے ہوئے تھے انھیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ عازمین کو مختلف ہوٹلس میں روکنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ عازمین میں ضعیف خواتین و حضرات کے علاوہ کمسن بچے بھی موجود ہیں۔ عازمین نے بتایا کہ انھیں گھنٹوں انتظار کروانے کے بعد اچانک فلائیٹ کی منسوخی کی اطلاع دی گئی جس سے انھیں کافی تکلیف پہنچی ہے اس سے قبل بھی عازمین کے ساتھ اسی طرح کا برتاؤ کیا گیا ہے۔ ایر انڈیا کے عہدیداروں نے کل صبح 11 بجے فلائیٹ روانہ کرنے کا تیقن دیا ہے۔