۔30 نئے اسمارٹ شہروں میں تھرواننتاپورم سرفہرست

تلنگانہ کے کریم نگر کو بھی اسمارٹ شہر ہونے کا اعزاز، وینکیا نائیڈو
نئی دہلی 23 جون (سیاست ڈاٹ کام) مرکز کے اسمارٹ سٹی مشن کے تحت ترقیاتی کاموں کے لئے آج جن 30 شہروں کی نئی فہرست کا اعلان کیا گیا ہے اِن میں کیرالا کے تھرواننتاپورم، چھتیس گڑھ میں نیا رائے پور اور گجرات میں راجکوٹ میں سرفہرست مقام دیا گیا ہے۔ تازہ اعلان 90 منتخب شہروں میں سے کیا گیا ہے جہاں پر اسکیم کے تحت مرکز کی جانب سے پراجکٹس کو امداد دی جاتی ہے۔ تھرواننتاپورم کو سرفہرست مقام حاصل ہوا ہے، اِس کے بعد نیا رائے پور، راجکوٹ کو دیا گیا ہے۔ آندھراپردیش کے دارالحکومت امراوتی اور بہار کے دارالحکومت پٹنہ کو بھی اسمارٹ سٹی کا درجہ دیا گیا ۔ دیگر شہروں میں تلنگانہ کے کریم نگر، بہار کے مظفر نگر، پڈوچیری گاندھی نگر اور گجرات کے دہوت، سری نگر اور جموں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو نے کہاکہ دستیاب 40 اسمارٹ سٹی کے سلاٹ کیلئے 45 شہروں نے حصہ لیا تھا جس میں صرف 30 شہروں کو منتخب کیا گیا تاکہ یہاں پر مرکز کی اسکیمات کو آسانی سے روبہ عمل لاکر ترقی دی جاسکے۔ اسمارٹ سٹیز کی ترقی کیلئے مرکز نے 57393 کروڑ کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے۔