حیدرآباد 25 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کی ایک ٹیم 30 ستمبر کو حیدرآباد کا دورہ کرے گی۔ ستمبر کے اوائل میں کمیشن کی ٹیم نے حیدرآباد کا دورہ کیا تھا اور فہرست رائے دہندگان کی نظرثانی پر پائی جانے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک جائزہ اجلاس بھی منعقد کیا تھا۔ فہرست رائے دہندگان کی جاریہ نظرثانی مہم کے دوران 5.80 لاکھ نئے رائے دہندوں کو شامل کیا گیا ہے جبکہ8.75 لاکھ رائے دہندوں کے ناموں کو حذف کردیا گیا۔ چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ رجت کمار نے کہاکہ ریاست میں فہرست رائے دہندگان میں نظرثانی کا کام آخری مرحلہ میں پہونچ گیا ہے۔ آخری تاریخ تک نئے ادعا جات اور اعتراضات وصول ہوئے ہیں۔ سی ای او نے رائے دہندوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے ناموں کی جانچ کرلیں۔ الیکشن کمیشن نے سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں سے بھی تبادلہ خیال کیا تھا تاکہ ان کی رائے حاصل کی جائے تاکہ ریاست میں شفاف و آزادانہ انتخابات کو یقینی بنایا جاسکے۔