نئی دہلی، 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی تین ممالک کے اپنے کامیاب دورہ کے بعد آج یہاں پہنچ گئے ۔ مودی کے ہوائی اڈے پہنچنے پر وزیر خارجہ سشما سوراج نے ان کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم 16 اپریل کو سویڈن، برطانیہ اور جرمنی کے دورے پر روانہ ہوئے تھے ۔وہ سب سے پہلے سویڈن گئے تھے جہاں انہوں نے سویڈن کے وزیر اعظم کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کی اور ہندوستان -نارڈک ممالک کے پہلے اجلاس میں شرکت کی۔ مودی نے ا سٹاک ھوم میں ہندوستانی برادری سے بھی خطاب بھی کیا۔ وزیر اعظم اپنے دورے کے اگلے مرحلے میں 17 اپریل کو برطانیہ پہنچے ۔ وہاں لندن میں انہوں نے برطانوی وزیر اعظم ٹریسا مئے کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کی اور ملکہ الزبتھ دوم سے بھی ملاقات کی۔ مودی نے ویسٹ منسٹر کے سینٹرل ہال میں ‘ ہندوستان کی بات سب کے ساتھ’ پروگرام میں تقریبا ڈھائی گھنٹے سے زیادہ وقت تک سوال جواب کے ذریعے ہندوستان کے حکمران کے طور پر اپنے نقطہ نظر کو سب کے سامنے رکھا۔ انہوں نے دولت مشترکہ ممالک کے سربراہان مملکت اور سربراہوں کی میٹنگ (چوگم) میں بھی حصہ لیا۔اس دوران انہوں نے کئی دولت مشترکہ ممالک کے سربراہوں کے ساتھ الگ سے دو طرفہ میٹنگ بھی کی۔ وزیر اعظم کل لندن سے برلن پہنچے تھے جہاں انھوں نے جرمنی کی انسلر انجیلا مرکل کے ساتھ ملاقات کی۔برلن میں کچھ دیر رکنے کے بعد وہ وطن روانہ ہو گئے ۔