۔/3 اکتوبر کو 12 فیصد مسلم تحفظات پر کنونشن

پریس کلب بشیر باغ میں مقرر، مختلف شخصیتوں کی شرکت
حیدرآباد /30 ستمبر (پریس نوٹ) کانگریس اقلیتی قائدین کی جانب سے /3 اکتوبر کو پریس کلب بشیر باغ میں 12 فیصد مسلم تحفظات پر ایک ہنگامی کنونشن کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جس میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ خواجہ محمد فخر الدین مہمان خصوصی ہوں گی۔ کانگریس کے سینئر قائد اسماعیل الرب انصاری نے بتایا کہ روزنامہ سیاست کی جانب سے حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لئے چلائی جانے والی 12 فیصد مسلم تحفظات تحریک کا وہ خیرمقدم کرتے ہیں اور حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لئے /3 اکتوبر کو صبح دس بجے پریس کلب بشیر باغ میں اس ضمن میں ایک کنونشن کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جس میں کانگریس قائدین شرکت کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے انتخابی منشور کے علاوہ کے چندر شیکھر راؤ نے اقتدار حاصل ہونے پر اندرون چار ماہ 12 فیصد مسلم تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، لہذا ہم چیف منسٹر سے وعدہ کی تکمیل کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس کنونشن میں شہر کے علاوہ اضلاع کے قائدین کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ 12 فیصد مسلم تحفظات کے نفاذ کے بغیر حکومت بڑے پیمانے پر سرکاری جائدادوں پر تقررات کر رہی ہے، جس سے مسلمانوں کو نقصان ہو رہا ہے۔ اگر حکومت مسلمانوں کو تحفظات فراہم کرنے کے لئے سنجیدہ ہے تو فوراً بی سی کمیشن تشکیل دے کر مسلمانوں کی تعلیمی و معاشی پسماندگی کا جامع رپورٹ تیار کروائے۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر عابد فاروقی اور اعظم علی اس کنونشن کے کنوینر ہوں گے، جب کہ محمد مقصود علی نگرانی کریں گے۔ مزید تفصیلات کے لئے سیل نمبرات 9392488754 اور 9290657121 پر ربط پیدا کریں۔