سرینگر 24 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) فوج نے آج کہا کہ کشمیر میں زائد از 250 عسکریت پسند سرگرم ہیں اور تقریبا اتنی ہی تعداد میں عسکریت پسند لائین آف کنٹرول کے پار لانچ پیاڈز پر وادی میں در اندازی کے موقع کے منتظر ہیں۔ لیفٹننٹ جنرل اے کے بھٹ نے بارہمولا میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تقریبا 250-275 عسکریت پسند وادی میں سرگرم ہیں۔ لیفٹننٹ جنرل اے کے بھٹ جنرل آفیسر کمانڈنگ سرینگر چنار کور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لائین آف کنٹرول کے پار 25-30 کی تعداد والے گروپ میں تقسیم ہوکر عسکریت پسند وادی میں در اندازی کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لائین آف کنٹرول کے پار مختلف لانچ پیاڈز پر یہ عسکریت پسند چھوٹے گروپس بنا کر وادی میں داخلہ کا موقع تلاش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کشمیر میں صورتحال جنوبی کشمیر سے بہتر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کشمیر میں عسکریت پسندوں کی تعداد کم ہے اس کیلئے وہ یہاں کے عوام اور بطور خاص نوجوانوں کے مشکور ہیں۔