۔25 ہزار سرکاری نوکریاں ، وعدہ وفا نہ ہوا

ساری توانائیاں اپوزیشن کو کمزور کرنے پر صرف کی گئیں
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تشکیل تلنگانہ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر گذشتہ سال چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اعلان کیا تھا کہ ایک ماہ کے اندر مختلف سرکاری محکمہ جات میں حکومت 25 ہزار ملازمتیں فراہم کرے گی لیکن اب جب کہ تاسیس تلنگانہ کی دوسری سالگرہ منائی جارہی ہے ۔ یہ وعدہ پوری طرح تکمیل نہیں پایا ہے ۔ پبلک سرویس کمیشن نے صرف 3 ہزار 425 نوکریوں سے متعلق نتائج کا اعلان کیا ۔ مزید ایک ہزار 475 افراد کو تقرر نامے ختم جون تک دئیے جانے والے ہیں ۔ اس طرح ٹی آر ایس کے دو سالہ دور حکومت میں محض 5 ہزار افراد کو سرکاری ملازمت فراہم کی گئی ہے ۔ گذشتہ سال جولائی اور دسمبر کے درمیان کنٹراکٹ ملازمین کو باقاعدہ بنانے کا عمل مکمل کرنے کا وعدہ بھی وفا نہیں ہوسکا ۔ کنٹراکٹ ملازمین کو مستقل بنانا ہنوز ایک خواب ہے ۔ ٹی آر ایس کے دو سالہ دور حکومت میں نمایاں کام صرف یہ ہوا کہ حکومت نے اپوزیشن کی کمر توڑ دی اور اسمبلی کے متواتر ضمنی چناؤ اور بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس نے شاندار کامیابیاں حاصل کیں ۔ اپوزیشن کے 26 ارکان اسمبلی اور ایک رکن پارلیمنٹ منحرف ہو کر ٹی آر ایس میں شامل ہوگئے ۔ چندر شیکھر راؤ کے معلنہ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کے جی تا پی جی مفت تعلیم درج فہرست اقوام کو 3 ایکڑ اراضی فراہم کرنے کے پروگرامس پر کوئی عمل آوری شروع نہیں ہوئی ہے ۔۔