۔2+2 ڈائیلاگ ہند ۔ امریکہ مستحکم حکمت عملی شراکت داری کا ثبوت

واشنگٹن ۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) آئندہ ہفتہ ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہند ۔ امریکہ 2+2 ڈائیلاگ کا انعقاد ہونے والا ہے جس سے یہ واضح ہوجاتا ہیکہ دونوں ممالک کے درمیان حکمت عملی کے کتنے گہرے اور تعلقات اور شراکت داری ہے۔ امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو اور وزیردفاع جم میاٹس ہندوستان کا دورہ کرنے بالکل تیار ہیں جہاں وہ اپنے ہندوستانی ہم منصبوں سشماسوراج اور نرملا سیتارامن سے سفارتی اور سیکوریٹی ترجیحات کے موضوع پر تفصیلی بات چیت کریں گے جسے مزید مستحکم کرنا دونوں ممالک کے ایجنڈے میں موجود ہے۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان ہیتھرنوریٹ نے اپنی روزانہ کی پریس بریفنگ کے دوران اخباری نمائندوں کو یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حکمت عملی کے مستحکم تعلقات ہیں اور 2+2 ڈائیلاگ کا انعقاد ہی اس بات کا غماز ہے۔ نوریٹ نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی قومی سلامتی حکمت عملی اور جنوب ایشیا و انڈوپیسیفک اسٹریٹیجک شراکت داری اہمیت کی حامل ہے جس کا تذکرہ خود صدر نے کئی بار کیا ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ اب یہ موقع ہمیں مل رہا ہیکہ ہم ہندوستان کے ساتھ 2+2 ڈائیلاگ کا انعقاد کرنے جارہے ہیں جس میں آپ میں سے کچھ صحافی بھی ہمارے ساتھ سفر کرنے والے ہیں۔