ریاستی حکومت کی تجاویز کو الیکشن کمیشن کی منظوری ۔ نتائج کو التواء میں رکھا جائے گا
حیدرآباد۔12اپریل(سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے ضلع پریشد اور منڈل پریشد کے انتخابات کے انعقاد کیلئے فوری اقدامات کی سفارش کی تھی جسے ریاستی الیکشن کمیشن نے قبول کرتے ہوئے انتخابات کے انعقاد کو منظوری دے دی ہے اوراس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ ریاست میں ادارہ جات مقامی کے انتخابات کا عمل 22اپریل سے 14مئی کے دوران مکمل کرلیا جائے گا۔ریاستی الیکشن کمیشن سے گذشتہ دنوں میں ادارہ جات مقامی کے انتخابات کے انعقاد کے سلسلہ میںحکومت کی جانب سے موصولہ تجاویز جس میں اس بات کی خواہش کی تھی کہ ریاست میں ضلع پریشد اور منڈل پریشد کے انتخابات منعقد کروائے جائیں کیونکہ موجودہ اراکین کی معیاد قریب الختم ہے۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر رائو نے آج متعلقہ عہدیداروں کے ہمراہ ان تجاویز کا جائزہ لیتے ہوئے ادارہ جات مقامی کے انتخابات کے انعقاد کے سلسلہ میں دی گئی تجاویز کو قبول کرلیا اور انہیںریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے منظوری دے دی گئی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ پرگتی بھون میں منعقدہ اس جائزہ اجلاس میں چیف منسٹر نے ادارہ جات مقامی کے انتخابات کے انعقاد کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے متعلق تفصیلات سے آگہی حاصل کرتے ہوئے انتخابی عمل کی انجام دہی کو منظوری دے دی ہے اور کہا کہ 22اپریل تا 14مئی کے دوران انتخابی عمل تکمیل کرتے ہوئے نتائج کو زیر التواء رکھا جائے گااور عام انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد ادارہ جات مقامی کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا ۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو اجلاس کے دوران اس بات سے واقف کروایا کہ ریاست میں ادارہ جات مقامی کے انتخابات کے انعقاد کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کو بھی واقف کروایا گیا ہے اور حکومت کو روانہ کی گئی تجاویز الیکشن کمیشن آف انڈیا کو بھی روانہ کی گئی تھیں جسے الیکشن کمیشن آف انڈیا نے بھی منظوری دے دی ۔