۔22ڈپٹی کلکٹرس کی خدمات محکمہ اقلیتی بہبود کے حوالے

حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود میں عہدیداروں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے حکومت نے 22 ڈپٹی کلکٹرس کی خدمات محکمہ اقلیتی بہبود کے حوالہ کی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جبکہ حکومت نے محکمہ مال سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں کو اس قدر بڑی تعداد میں محکمہ اقلیتی بہبود کیلئے الاٹ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ منڈل ریونیو آفیسرس کے عہدہ سے ترقی پانے والے ان ڈپٹی کلکٹرس میں سے 12 نے محکمہ اقلیتی بہبود کو رپورٹ کردیا جبکہ باقی 12 عہدیدار بہت جلد محکمہ سے رجوع ہوجائیں گے۔ ان عہدیداروں کو ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کے عہدہ پر تعینات کیا جائے گا۔

ریاست میں صرف پانچ اضلاع میں ڈپٹی کلکٹر عہدہ رتبہ کے عہدیدار ڈی ایم ڈبلیو عہدہ پر فائز تھے جبکہ 6 اضلاع میں دوسرے محکمہ جات کے عہدیدار ڈیپیوٹیشن پر ڈی ایم ڈبلیو کی خدمات انجام دے رہے تھے۔ اب تمام ا ضلاع میں ڈپٹی کلکٹر رینک کے عہدیداروں کو ڈی ایم ڈبلیو مقرر کیا جائے گا ۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے اگزیکیٹیو آفیسرس کئی اضلاع میں ڈی ایم ڈبلیو کی زائد ذمہ داری نبھا رہے تھے جبکہ سرکاری قواعد کے مطابق نان گزیٹیڈ عہدیدار کو ڈی ایم ڈبلیو کے عہدہ پر فائز نہیں کیا جاسکتا کیونکہ یہ عہدہ گزیٹیڈ رتبہ کا ہے۔ اس کے علاوہ کارپوریشن کے ملازمین کا شمار سرکاری ملازمین میں نہیں ہوتا۔ بتایا جاتا ہے کہ 22 ڈپٹی کلکٹرس نے بعض کی خدمات وقف بورڈ اور اقلیتی کمشنریٹ میں حاصل کی جائیں گی۔