۔21 لاکھ ہندوستانیوں کو H-1B ویزاحاصل

واشنگٹن ۔ یکم ۔ اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ میں جب سے ڈونالڈ ٹرمپ نے اقتدار سنبھالا ہے ، کبھی کسی قانون اور کبھی کسی قانون میں ترمیم کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس طرح اب H-1B ویزا بھی متنازعہ روپ اختیار کر گیا ہے جس سے سب سے زیادہ استفادہ ہندوستانی آئی ٹی کمپنیاں کرتی آئی ہیں ۔ لیکن امریکہ امریکیوں کے لیے اور امریکہ سب سے پہلے جیسے نعروں کے ساتھ ڈونالڈ ٹرمپ یہی چاہتے ہیں کہ امریکی ملازمتیں زیادہ تر امریکی شہریوں کے حصہ میں آئیں تاہم اس افراتفری کے درمیان ایک ایسی رپورٹ تیار کی گئی ہے جس میں یہ بتایا گیا ہے کہ گذشتہ گیارہ سال کے دوران ہندوستان کے21 لاکھ ٹکنالوجی پروفیشنلس نے H-1B ویزے سے استفادہ کیا جسے یو ایس سٹیزن شپ اینڈ ایمگریشن سرویسیس (USCIS) کی جانب سے تیار کیا گیا ہے جس میں ان قیاس آرائیوں کی تردید کی گئی ہے کہ جو لوگ بھی H-1B ویزے کے حصول کے لیے درخواست داخل کرتے ہیں وہ زیادہ تعلیم یافتہ نہیں ہوتے ۔ گذشتہ گیارہ سالوں کے دوران ان کی تنخواہ اوسطاً 92,317 ڈالرس رہی اور ان میں سے اکثریت ایسے لوگوں کی ہے جن کے پاس ماسٹرس یا بیچلرس ڈگری ہے ۔ 2007 سے 2017 تک H-1B ویزوں کے لیے داخل کردہ درخواستوں میں سب سے زیادہ درخواستیں ہندوستان نے داخل کی ہیں جس کے بعد چین 296,313 درخواستوں ، فلپائن 85918 درخواستوں ، جنوبی کوریا 77,359 درخواستوں اور کینیڈا 68228 درخواستوں کے ساتھ بالترتیب دوسرے ، تیسرے چوتھے اور پانچویں مقام پر ہیں ۔