۔2022ء تک کرپشن سے پاک ہندوستان : نیتی آیوگ

نئی دہلی۔ 4 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت کا مشاورتی ادارہ نیتی آیوگ نے 2022ء تک نئے ہندوستان تخیل پیش کیا ہے جو غربت، گندگی، بدعنوانی، دہشت گردی، ذات پات ، فرقہ پرستی سے آزاد ہوگا۔ نیو انڈیا @2022 دستاویز کے مطابق جو نائب صدرنشین نیتی آیوگ راجیو کمار نے گزشتہ ماہ گورنرس کی کانفرنس میں پیش کی، ہندوستان اگر اب سے 2047ء تک 8% کی شرح پر ترقی کرتا رہے تو دنیا کی سرکردہ تین معیشتوں میں سے ہوجائے گا۔ آیوگ نے یہ ویژن بھی پیش کیا ہے کہ 2022ء تک ’’کپوشن مکتھ بھارت‘‘ یقینی بنایا جائے گا۔ دستاویز میں ویژن پیش کیا گیا ہے کہ حکومت 2019ء تک پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت 500 سے زائد گھروں والے تمام دیہاتوں کو ہر موسم میں کام آنے والی سڑکوں کے ساتھ جوڑنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ بعض خصوصی علاقوں میں 250 گھروں کی حد رکھی گئی ہے۔ دستاویز میں یہ بات بھی ہے کہ ہندوستان میں 2022ء تک 20 عالمی معیاری اعلیٰ تعلیمی ادارے ہوجائیں گے۔ پردھان منتری آدرش گرام یوجنا کے تحت منتخب تمام دیہات کو 2022ء تک مثالی موضع کا موقف بھی حاصل ہوجانا چاہئے۔ دستاویز کے ویژن میں یہ بات بھی ہے کہ 2022ء تک ہندوستان سے غربت بھی ختم ہوجانا چاہئے۔